تحریر: اشرف سراج گلتری
کبھی انسان ایک نیک کام کا ارادہ کرتا ہے، اور اللہ تعالیٰ اس کی تکمیل کے راستے خود ہموار کرتا ہے۔ قم المقدسہ میں “حسینیہ صدیقہ کبریٰ” کے قیام کی صورت میں بھی یہی ہوا۔ شنگوگلتری ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے قم المقدسہ میں ایک حسینیہ خریدنے کا ارادہ کیا گیا، اور الحمدللہ یہ ارادہ مکمل ہوا۔ یہ صرف ایک عمارت کی خریداری نہیں، بلکہ ایک ایسے مرکز کی ابتدا ہے جہاں علم، عقیدت اور خدمت ایک ساتھ جاری رہیں گے۔
قم المقدسہ وہ سرزمین ہے جہاں علم اور عقیدت دونوں ساتھ پروان چڑھتے ہیں۔ ایسی جگہ حسینیہ کا قیام صرف اینٹوں اور دیواروں کا معاملہ نہیں ہوتا۔ یہاں ان شاء اللہ ائمہ علیہم السلام کی مجالسِ عزاء بھی ہوں گی، ایامِ ولادت کی محافل بھی، اور تعلیمی و تحقیقی فعالیتیں بھی انجام پائیں گی۔ جب علم، عقیدت اور خدمت ایک جگہ جمع ہو جائیں تو وہ محض عمارت نہیں رہتی، بلکہ ایک مرکز بن جاتی ہے۔
اس حسینیہ کی اہمیت اس بات سے مزید بڑھ جاتی ہے کہ زائرینِ محترم کے لیے حرمِ معصومہ سلام اللہ علیہا کے قریب “بیت النور” میں رہائش کا انتظام بھی ہے۔ ایک زائر کے لیے اس سے بڑی سہولیت کیا ہوسکتی ہے کہ اس کی رہائش حرم کے قریب ہو، وہ پانچ وقت کی نماز حرم جاکر پڑھ سکے، اور جگہ بھی اس کی خدمت کے لیے ہی مختص ہو۔
یہاں ایک بات واضح کرنا ضروری ہے کہ شنگوگلتری فاؤنڈیشن نے اس کام کا ارادہ کیا، مگر اس کی عملی تکمیل کا پورا کردار شنگوگلتری ویلفیئر فاؤنڈیشن کے نائب صدر حجت الاسلام شیخ اکمل طاہری اور شعبہ تبلیغ کے مسئول برادر محترم شیخ محمد حسین دلشاد نجفی کا ہے۔ انہوں نے نہ صرف اس کام کو انجام تک پہنچایا، بلکہ اپنے دوستوں کو بھی اس نیک مقصد کے لیے ترغیب دیا، جنہوں نے خلوص کے ساتھ اس کارخیر میں حصہ ڈالا۔ یوں یہ حسینیہ ان دونوں کی کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے۔
نجف اشرف کے بعد اب قم المقدسہ میں یہ حسینیہ حوزہ علمیہ قم میں مقیم علما اور زائرینِ کرام کے لیے ایک سہولت ہے۔ ہم اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ وہ اس نیک کام کے ذمہ داران کی توفیقات میں اضافہ فرمائے، ان کے قدم مضبوط رکھے، اور اس حسینیہ کے قیام کو ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے۔ آمین











آپ کا تبصرہ